ریاض،25جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کی عبادت اور نماز کی ادائیگی پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نمازیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے قبلہ اول کے خلاف اسرائیلی ریاست کے اقدامات کی مذمت کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مملکت مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتی ہے۔
گذشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے پرتشدد حربوں کی بھی شدید مذمت کی گئی اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔